Maktaba Wahhabi

280 - 523
تواضع کے فضائل: تواضع میں اگر اس کے سوا کوئی بھی قابلِ تعریف چیز نہ ہو کہ متواضع شخص جب بھی تواضع اختیار کرتا ہے تو وہ عزت وشرف میں بھی بڑھ جاتا ہے تو بھی ہم میں سے ہر شخص پر واجب ہے کہ وہ متواضع رہے اور غیروں کی تقلید نہ کرے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے : (( ما من امریٔ إلا وفي رأسہ حَکَمَۃٌ، والحَکَمَۃ بید ملک، إن تواضع، قیل للملک: ارفع الحکمۃ، وإن أراد أن یرفع قیل للملک: ضع الحَکَمَۃ )) [1] ’’ ہر شخص کے سر میں لگام جیسی ایک چیز ڈالی گئی ہے او ر وہ ایک فرشتے کے ہاتھ میں تھما ئی گئی ہے، اگر کوئی شخص خصلتِ تواضع کو اپناتا ہے تو فرشتے سے کہا جاتا ہے کہ اس کی لگام اوپر اٹھا لو، اور اگر کوئی شخص تکبر سے سر اٹھاتا ہے تو فرشتے سے کہا جاتا ہے کہ اس کی لگام کو نیچے پھینک دو۔‘‘ صحیح مسلم میں حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (( ما تواضع أحد للّٰه إلا رفعہ اللّٰه )) [2] ’’ اگر کوئی شخص اللہ کے لیے تواضع اختیار کرتا ہے تو اللہ اسے اور بلند مقام عطا کرتا ہے۔‘‘ اللہ کے بندو! جس سے تواضع کی صفت مفقود ہو گئی وہ ایسا شخص ہو گیا کہ جس پر تکبر چھا گیا اور اس پر خود پسندی نے تسلط جما لیا، وہ شخص خود غرض ہے، وہ تکبر کی آڑ میں اپنی خباثت کو چھپاتا ہے، اور اس کے تکبر کا منہ زور گھوڑا منہ کے بل گرتا ہے۔ جس میں تواضع نہ ہو وہ عقل سے بھی ہاتھ دھو بیٹھتا ہے کیونکہ وہ ردّی چیز کو اوپر اٹھاتا اور قیمتی و نفیس چیز کی نا قدری کرتا ہے جیسا کہ موجیں مارنے والا سمندر کہ لعل و جواہر تو اس کے دامن میں تہہ میں بیٹھے رہتے ہیں اور خس و خاشاک اور جھاگ کو وہ اوپر سطح پر اٹھا دیتا ہے، یا پھر وہ ترازو کی طرح ہوتا ہے کہ جو پلڑا خفیف و ہلکا ہوگا اسے وہ اوپر اٹھا دے گا۔
Flag Counter