Maktaba Wahhabi

489 - 871
یہ ہے ان احادیثِ منسوخہ کا مجموعہ،جسے ابن الجوزی رحمہ اللہ وغیرہ نے پورے استقرا و استیفا کے بعد یکجا کیا ہے اور ان میں سے اکثر میں بحث ہے،جیسا کہ ہر حدیث کے تحت گزری ہے۔یہاں ان کے سوا مزید دو تین حدیثیں ہیں،جن پر عمل میں علما کا اختلاف ہے،جن کا الحاق فائدے کے پیشِ نظر مناسب ہے۔ بائیسویں حدیث: جا بر بن عبداﷲ رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ انھوں نے کہا: قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللّٰه علیہ وسلم : ((مَنْ شَرِبَ الْخَمْرَ فَاجْلِدُوْہُ فَإِنْ عَادَ فِيْ الرَّابِعَۃِ فَاقْتُلُوْہُ)) [1] (رواہ الترمذي والنسائي) [یعنی جو شراب پیے اسے کوڑے مارو،پھر اگر چوتھی بار پیے تو اس کو قتل کر دو] کہتے ہیں کہ یہ جابر رضی اللہ عنہ کی حدیث سے منسوخ ہے،کیونکہ اس کے آخر میں کہا ہے: ((ثُمَّ أُتِيَ النَّبِيُّ صلی اللّٰه علیہ وسلم بِرَجُلٍ قَدْ شَرِبَ فِيْ الرَّابِعَۃِ فَضَرَبَہُ وَلَمْ یَقْتُلْہُ)) [2] [یعنی رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک شخص کو،جس نے چوتھی بار شراب پی،لایا گیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے مارا اور قتل نہیں کیا] اسی سے ثابت ہوا کہ آپ کا فعل آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے قول کا ناسخ ہے۔امام شوکانی رحمہ اللہ اسی طرف گئے ہیں۔انھوں نے’’مختصر‘‘ میں فرمایا ہے کہ’’قتلہ في الرابعۃ منسوخ‘‘ [چوتھی مرتبہ شراب پینے پر اس کے قتل کا حکم منسوخ ہے] [3] انتھیٰ۔ان کا مستند جابر رضی اللہ عنہ کی یہی حدیث ہے۔نیز ترمذی اور ابوداود رحمہما اللہ قبیصہ بن ذویب رضی اللہ عنہ کی حدیث اس لفظ کے ساتھ لائے ہیں : ((ثُمَّ أُتِيَ بِہِ فَجَلَدَہُ وَرَفَعَ الْقَتْلَ)) [4] [پھر اسے لایا گیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے کوڑے مارے اور قتل نہیں کیا]
Flag Counter