Maktaba Wahhabi

84 - 548
(۳) اپنے نانا محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے نزدیک حضرت حسن رضی اللہ عنہما کا مقام و مرتبہ حضرت حسن رضی اللہ عنہ کی پیدائش سے متعلق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بشارت بڑی عظیم تھی، آپ صلی اللہ علیہ وسلم انھیں گود میں اٹھاتے، پیار کرتے، اپنے سینے پر چڑھنے دیتے، ان کے ساتھ کھیلتے، حضرت حسن رضی اللہ عنہ نبوی گود میں پروان چڑھے، انھیں بچپن سے نوجوانی تک مصطفوی دیکھ ریکھ اور عنایت نصیب ہوئی، نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی مشابہت آپ کے چہرے مہرے سے ظاہر تھی۔ حضرت حسن رضی اللہ عنہ کو اپنے نانا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے نزدیک بڑا مقام و مرتبہ اور عزت حاصل تھی، ایسا صرف نواسۂ رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہونے کے ناتے نہیں بلکہ ان کی اچھی صفات، اعلیٰ اخلاق اور بہترین تواضع کے باعث تھا۔ [1] درج ذیل بعض احادیث و واقعات رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے نزدیک حضرت حسن رضی اللہ عنہ کے مقام و مرتبہ کا پتہ دیتے ہیں: ۱۔حضرت حسن رضی اللہ عنہ سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت و شفقت اور لاڈ و پیار: ۱۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس نے حسن وحسین رضی اللہ عنہما سے محبت کی اس نے مجھ سے محبت کی اور جس نے ان دونوں سے دشمنی کی اس نے مجھ سے دشمنی کی۔[2] ۲۔ عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہتے ہیں نبی صلی اللہ علیہ وسلم نماز پڑھتے تھے حضرت حسن و حسین رضی اللہ عنہما آپ کی پیٹھ پر کود کود کر چڑھتے، لوگ انھیں دور کرتے توآپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ان دونوں کو ایسا کرنے دو، ان دونوں پر میرے ماں باپ قربان ہوں، جو مجھ سے محبت کرتا ہے اسے ان دونوں سے محبت کرنا چاہیے۔[3] ۳۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت حسن رضی اللہ عنہ کے بارے میں فرمایا: اے اللہ میں اس سے محبت کرتا ہوں، تو تو اس سے اور ان لوگوں سے محبت کر جس سے یہ محبت کرتا ہے۔ [4]
Flag Counter