Maktaba Wahhabi

452 - 548
نیز حسن رضی اللہ عنہ کی یہ تقریر اپنے ساتھیوں کو، اپنے اور معاویہ رضی اللہ عنہ کے مابین ہونے والی مصالحت سے باخبر کرنے کی تمہید تھی، درج ذیل روایتیں اس بات کو واضح کرتی ہیں: ابن سعد نے ریاح بن حارث کے طریق سے نقل کیا ہے کہ علی رضی اللہ عنہ کی وفات کے بعد حسن رضی اللہ عنہ نے کھڑے ہو کر حمد و ثنا کے بعد فرمایا: ’’ہر آنے والی چیز قریب ہوتی ہے، لوگ اگرچہ ناپسند کریں، اللہ کا فیصلہ نافذ ہوکر رہتا ہے، اللہ کی قسم میں نہیں چاہتا کہ میں امت کی کوئی ایسی ادنیٰ ذمہ داری قبول کروں جس میں خون کا کوئی قطرہ بہایا جائے، مجھے اپنا نفع و نقصان معلوم ہے، اس لیے تم لوگ اپنی راہ لو۔‘‘[1] کوئی اعتراض کرنے والا کہہ سکتا ہے کہ اس روایت کا تعلق تو کوفہ سے معلوم ہوتا ہے مدائن سے نہیں ؟ تو اس کا جواب یہ ہے کہ امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ نے اسی روایت کو ریاح بن حارث کے طریق اور صحیح سند سے نقل کیا ہے اس میں الفاظ اس طرح ہیں: ((إِنَّ النَّاسَ اجْتَمَعُوْا إِلَی الْحَسَنِ بْنِ عَلِیٍّ فِی الْمَدَائِنِ…))[2] ’’لوگ مدائن میں حسن بن علی رضی اللہ عنہما کے پاس اکٹھا ہوئے۔‘‘ پھر ابن سعد کی بقیہ روایت ذکر کی ہے، اس سے معلوم ہوا کہ یہ تقریر مدائن میں کی گئی، نیز یہ بھی راجح ہے کہ یہ تقریر حسن و معاویہ رضی اللہ عنہما کے مابین مصالحت کے بعد کی گئی تھی، اس لیے کہ اس تقریر سے متعلق انھی باتوں کا ذکر ملتا ہے جنھیں حسن رضی اللہ عنہ کی اس تقریر سے متعلق ذکر کیا جاتا ہے جسے بلاذری نے نقل کیا ہے، بلکہ یہ تقریر بلاذری کی نقل کردہ تقریر کا ایک جز ہے، جس سے حسن رضی اللہ عنہ کی فوج میں اضطراب پیدا ہوگیا تھا۔ فوج میں جو کچھ ہوا اس پر حسن رضی اللہ عنہ کا موقف کیا رہا؟ اس جانب وہ روایت اشارہ کرتی ہے جسے ابن سعد نے ہلال بن خباب کے طریق سے نقل کیا ہے۔ کہتے ہیں: حسن رضی اللہ عنہ نے قصر مدائن میں اپنے اہم ساتھیوں کو جمع کرکے کہا:اے اہلِ عراق! میں تمھاری تین باتیں نہیں بھول سکتا، میرے والد کو قتل کرنا، میری ران کی جڑ پر حملہ کرکے شدید زخمی کردینا، میرے مال و اسباب کو لوٹ لینا،بلاشبہ تم لوگوں نے مجھ سے بیعت کی ہے کہ میں جس سے صلح کروں گا اس سے تم صلح کرو گے اور جس سے میں جنگ کروں گا اس سے تم جنگ کرو گے، میں نے معاویہ رضی اللہ عنہ سے بیعت کرلی ہے اس لیے ان کی بات سنو اور مانو۔ راوی کہتے ہیں: پھر آپ منبر سے اترے اور قصر میں داخل ہوگئے۔[3]
Flag Counter