Maktaba Wahhabi

177 - 411
ملائے رکھنا اور ملاتے رہناخدا کا حکم ہے۔ جولوگ ان تعلقات کو توڑتے ہیں۔ اس توڑنے میں وہ اِدھر اُدھر آگ لگاتے ہوئے زمین پر فساد کرتے ہیں وہی خدا کے نزدیک نقصان اٹھانے والے ہیں۔ سنو! خدا کے حکم سے انکار کرنا در اصل خداسے انکار کرنا ہے۔ تم لوگ اللہ سے کیسے منکر ہوتے ہو حالانکہ تم چاروں طرف سے خدا کے احاطۂ قدرت میں گھرے ہو اور کچھ نہیں اتنا تو تمہارے سمجھنے کو کافی ہے کہ تم پہلے بصورت منی بے جان تھے پھر اس (خدا) نے تم کو رحم مادر میں زندگی بخشی پھر دنیا میں مقررہ مدت تک رہتے ہو یہاں تک کہ تمہیں یعنی تم میں سے جن کی موت آجاتی ہے ان کو ماردیتا ہے۔ یہ بھی تمہارے مشاہدہ میں روز مرہ آتا ہے پھر ایک وقت روز قیامت آئے گا کہ تمہیں زندہ کرے گا پھر تم سب میدان محشر میں اُس کی طرف حاضری کے لئے پھیرے جائوگے یہ تو تمہارے اندر وجدا نی ثبوت ہے، اب آفاقی ثبوت سنو وہی خدا ہے جس نے زمین کی سب چیزیں تمہارے فائدہ کے لئے پیدا کیں پھر آسمان کی طرف اس کا ارادہ متوجہ ہوا[1] تو ان کو سات طبقے بنا دیے اور ان میں عجیب عجیب صنعتیں رکھیں جن کی حقیقت بھی کوئی نہیں سمجھ سکتا۔ بلکہ وہ خود ہی سمجھتا ہے کیونکہ وہ خدا ہر ایک کو جانتا ہے۔
Flag Counter