Maktaba Wahhabi

405 - 411
ترجمہ: اے بنی اسرائیل کے لوگو! یادکرو میرے احسان جو میں نے تم پر کئے کہ فرعون جیسے موذی سے تم کو چھڑایا اور تمام جہان کے لوگوں پر تم کو عزت دی کہ تم میں نبی اور رسول بھیجے پھر کیا میری شکر گذاری یہی کرتے ہو کہ میرے سچے رسول کو نہیں مانتے، بلکہ بجائے ماننے کے سب وشتم سے پیش آتے ہو۔ آخر ایک روز تو میرے سامنے آئوگے۔ اب بھی اگر اپنی بہتری چاہتے ہو تو میرے رسول پر ایمان لائو۔ اور اس دن کے عذاب سے بچ جائو جس میں کوئی کسی کے کچھ کام نہ آئے گا۔ اور نہ اس سے بدلا لیا جاوے گا۔ اور نہ اس کو کسی کی سفارش ہی کچھ کام دے گی اور نہ ان مجرموں کو کسی زبردست کی طرف سے مدد پہنچے گی کہ ہماری پکڑ سے ان کو رہائی دلا سکے بلکہ سب کے سب اپنے ہی حال میں حیران سرگردان ہوں گے۔ تعجب ہے کہ تم نے اپنے بزرگوں کی اقتدا بھی چھوڑ دی اور ابراہیم (علیہ السلام) کی حالت کو بھی بھول گئے۔ جب کہ اس ابراہیم کو اس کے خدا نے چند باتوں کا حکم دیا پس اس بندہ کامل نے ان سب کو پورا کیا۔ پھر اس کے انعام میں خدانے اسے کہا میں تجھ کو سب لوگوں کا امام اور پیشوا بنائوں گا۔ وہی لوگ نجات پائیں گے جو تیرے پیچھے چلیں گے وہ اپنے نیک ارادہ سے بولا یا اللہ! مجھے امام بنا اورمیری اولاد میں سے بھی بعض بعض کو یہ رتبہ نصیب کر کہ وہ بھی مخلوق کی رہنمائی کریں کیونکہ اولاد کی لیاقت آنکھوں کی ٹھنڈک ہے۔ خدا نے کہا بے شک تیری اولاد سے بھی یہ مرتبہ بعض لوگوں کو ملے گا مگر چونکہ پانچوں انگلیاں یکساں نہیں ہوتیں اس لئے ان میں بعض بد کردار بھی ہوں گے جو آپس میں ظلم وستم کریں گے پس ایسے ظالموں کو یہ میرا وعدہ نہیں پہنچے گا۔ ایسے اخلاص اور اطاعت کے سبب ہم نے ابراہیم کے نیک کاموں کو قبول کیا۔
Flag Counter