Maktaba Wahhabi

242 - 589
کے حق میں اتنا غلو کرتے ہیں کہ الامان والحفیظ! یہاں تک کہ کوئی شخص جہاز میں سوار یا جہاز سے اُترتا نہیں ہے، جب تک اس کے نزدیک نہ جائے اور اس کی قبر سے مدد نہ لے۔ اہلِ لحیہ کے نزدیک ایک شخص زیلعی ہے۔ اہلِ علاقہ نے اس کا نام شمس (سورج) رکھا ہے، اس لیے کہ اس کی قبر پر قبہ نہیں ہے، وہ مکشوف ہے۔ وہ لوگ تمام نذر و نیاز اسی کی طرف صرف کرتے ہیں ۔ یہ لوگ اس کی تعظیم اور اس سے دعا کرنے میں بڑے جاہل اور گمراہ ثابت ہوئے ہیں ۔ اہلِ بادیہ اس کی طرف سے ایک حکایت نقل کرتے ہیں کہ وہ کسی کام کے لیے قاصد بن کے گیا ہوا تھا۔ جب شہر کے قریب پہنچا تو آفتاب غروب ہونے کے قریب تھا۔ اس کا مطلب یہ تھا کہ میں دن کے وقت شہر میں داخل ہوں ، لہٰذا اس نے سورج سے کہا: ٹھہر جا۔ وہ ٹھہر گیا۔ رابعہ کی قبر اُن کے نزدیک پہلے ہی سے مشہور ہے۔ جب کبھی سچی قسمیں کھائیں گے تو رابعہ ہی کے نام کی قسم کھائیں گے اور اللہ کی جھوٹی قسم کھانے کا اُن کو کوئی ڈر نہیں ہے۔ علاقہ نجران اور اس کے اطراف میں ایک ہلاکت خیز امر یہ ہے کہ وہاں سید نامی ایک معروف رئیس تھے۔ اُن کی تعظیم وتوقیر اور غلو ومبالغہ اُن کے اعتقاد میں یہاں تک پہنچا کہ الحاد اور انواعِ عبادت کی نوبت آگئی۔ ان لوگوں نے اس میں الوہیت کی بعض صفات ثابت کر رکھی ہیں ، یہاں تک کہ لگتا ہے کہ انھوں نے اس کو اللہ کا ہم پلہ قرار دے ڈالا اور ان کے یہاں وہ اسی کیفیت پر مشہور ہے۔ اللہ اس سے پاک اور برتر وبالا ہے جو ظالم لوگ اس کی شان میں کہتے ہیں ۔ حلب، دمشق اور سارے علاقہ شام کو دیکھو کہ وہاں گور پرستی کی دھوم اور قربان ونذر کا ہجوم ہے۔ فسق وفجور کا علانیہ ارتکاب ہوتا ہے۔ زبردستی ٹیکس لینے کا دستور ہے۔ زانی عورتوں سے ٹیکس لیا جاتا ہے۔ مہر بغی (زانیہ کی کمائی) کو جائز سمجھا جاتا ہے۔ وہاں کے حالات دیکھنے والوں سے پوچھو کہ وہ کون سا شرک اور گناہ ہے جو وہاں نہیں ہوتا۔ یہی حال موصل، اکراد اور دیگر شہروں خصوصاً عراق، مشہد اور بغداد کا ہے۔ وہاں اتنی منکرات ہیں جن کا حصر نہیں ہو سکتا۔ امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ، معروف کرخی ۔قدس سرّہ۔ اور شیخ عبد القادر جیلانی ۔قدس سرّہ۔ کی قبر کے پاس تمام اوقات میں دعا اور استغاثہ ہوتا ہے۔ لوگ روتے چلاتے اور اتنا تذلل وخضوع کرتے ہیں کہ اللہ کے سامنے نماز میں بھی نہیں کرتے۔ بلکہ بیشتر لوگ اس کو بار بار کرتے اور کہتے ہیں کہ وہ ضروریات پوری کرنے کے لیے مجرب تریاق ہے۔
Flag Counter