Maktaba Wahhabi

57 - 589
سوا نواب صاحب کی تمام تصانیف کے نام عربی تراکیب پر مشتمل ہیں اور ان کی سب تصانیف میرا خیال ہے کسی کے پاس بھی نہیں ہوں گی اور نہ غالباً اس دور کے کسی شخص نے ان کی سب تصانیف دیکھی ہوں گی۔ ہر شخص اپنے مطلب اور ذوق کی کتابوں سے تعلق رکھتا ہے، نواب صاحب کی کتابیں بھی اپنے اپنے ذوق کے مطابق اہلِ علم نے حاصل کی ہوں گی۔ ان کی کسی کتاب کو دیکھے بغیر صرف نام سے کچھ پتا نہیں چلتا کہ یہ عربی زبان میں ہے یا فارسی زبان میں یا اردو زبان میں ۔ بعض حضرات نے ان کی اردو اور فارسی کتابوں کو فقط نام کی وجہ سے عربی کتابوں میں شامل کر دیا ہے۔ میں نے ان کی تمام تصانیف دیکھنے کی بہت کوشش کی، لیکن کامیاب نہیں ہوسکا۔ ان کی تصانیف حضرت مولانا عطاء اﷲ حنیف بھوجیانی رحمہ اللہ کے قائم کردہ ادارہ الدعوۃ السلفیہ کی لائبریری میں موجود ہیں ، لیکن سب تصانیف اس میں بھی نہیں ہیں ۔ البتہ (جہاں تک میرا خیال ہے) دیگر کتب خانوں سے بہر حال زیادہ ہیں ۔ اس ضمن میں جو کچھ معلوم ہوسکا، وہ درجِ ذیل ہے۔ ان کی تصانیف کی موضوعاتی ترتیب کو قائم رکھنے کے لیے مناسب معلوم ہوتا ہے کہ قرآن سے متعلق بھی ان کی تصانیف کا ذکر کر دیا جائے۔ یہ سات کتابیں ہیں ، جو دس ہزار صفحات پر محیط ہیں ۔ یہاں ان کے صرف نام لکھے جائیں گے۔ ان کی تفصیل ہماری کتاب ’’برصغیر کے اہلِ حدیث خدامِ قرآن‘‘ میں ملاحظہ فرمائیے: ۱۔ فتح البیان في مقاصد القرآن: عربی زبان میں ۔ دس جلدیں ۔ چار ہزار سے زائد صفحات۔ ۲۔ ترجمان القرآن بلطائف البیان: اردو زبان میں ۔ پندرہ جلدوں پر مشتمل۔ کم و بیش پانچ ہزار صفحات۔ ۳۔ تذکیر الکل بتفسیر الفاتحۃ وأربع قل: سورۃ الفاتحہ، سورۃ الاخلاص، سورۃ الفلق اور سورۃ الناس کی تفسیر اردو زبان میں ۔ صفحات ستر۔ ۴۔ نیل المرام من تفسیر آیات الأحکام: قرآن کی ۲۳۶ آیاتِ احکام کی تفسیر عربی زبان میں ۔ چار سو صفحات۔ ۵۔ إکسیر في أصول التفسیر: بہ زبان فارسی۔ دو حصوں پر مشتمل۔ صفحات ایک سو تیس۔ ۶۔ إفادۃ الشیوخ بمقدار الناسخ والمنسوخ: دو حصوں میں ۔ صفحات ایک سو چوبیس۔
Flag Counter