Maktaba Wahhabi

535 - 692
11: اگر ’’مرتہن‘‘ نے ’’راہن‘‘ کی اجازت کے بغیر حیوان وغیرہ پر خرچ کر دیا ہے تو وہ ’’راہن‘‘ سے مطالبہ نہیں کر سکتا،ہاں اگر اس کے لیے دور کی مسافت کی وجہ سے فوری طور پر اجازت لینا ممکن نہیں ہے تو پھر وہ اس کا مطالبہ کر سکتا ہے،بشرطیکہ اس نے ’’راہن‘‘ سے وصول کرنے کی نیت سے خرچ کیا ہو،ورنہ نہیں،اس لیے کہ جس نے نیکی سمجھ کر خرچ کیا ہے وہ وصول نہیں کر سکتا۔ 12: شکستہ اور ویران مکان کو اگر ’’مرتہن‘‘ نے ’’راہن‘‘ کی اجازت کے بغیر مرمت اور آباد کر دیا ہے تو وہ ’’راہن‘‘ سے کچھ نہیں لے سکتا۔ہاں،لکڑی،پتھر وغیرہ،جن کا اتارنا انتہائی مشکل ہوتا ہے،کا حساب ’’راہن‘‘ سے لے سکتا ہے۔ 13: ’’راہن‘‘ کے فوت یا مفلس ہونے کی صورت میں ’’مرتہن‘‘ کا استحقاق دوسرے قرض خواہوں سے زیادہ ہے۔چنانچہ ’’میعاد ادائیگی‘‘ آنے پر وہی رہن فروخت کر کے اپنا قرض وصول کرے گا اور جو زائد ہے اسے واپس کرے گا اور اگر اس کی فروخت سے قرض پورا نہیں ہوا تو وہ باقی قرض میں دوسرے قرض خواہوں کے برابر ہے۔ ٭ تحریری نمونہ: اللہ کی حمد وثنا کے بعد: (رو برو مسمی بہ...قاضی عدالت،اوتھ کمشنر...)۔فلاں ... نے اقرار کیا کہ اس کے ذمے فلاں ...کا ...قرض ہے۔اور اس قرض کی مدت:::ہے۔تو بطور ثوثیق مذکوربالا مقروض نے قرض خواہ مذکور بالا کے ہاتھ میں اپنا گھر واقع ...(کہ جس کا رقبہ ...اور محل وقوع ... اور مالیت ...ہے)جو کہ اقرار کرنے والے کی ذاتی ملکیت ہے،مذکور بالا قرض کے عوض رہن رکھا ہے۔یا فلاں چیز ساری کی ساری ... اس حالت میں کہ یہ رہن مرتہن(قرض خواہ)کے اختیار میں شرعاً تسلیم شدہ بالکل صحیح حالت میں ہو گا،لہٰذا مرتہن مذکور بالا(قرض خواہ)نے مذکور رہن کو شرعاً قبول کر لیا ہے۔ تاریخ تحریر ... المقر ... المرتہن ... القاضی ... ٭ وکالت کی تعریف: کسی ایسے معاملے میں جس میں شرعًا نیابت ہو سکتی ہے،کسی شخص کا دوسرے کی جگہ مقرر ہونا،جیسے خریداری،بیع اور مخاصمت وغیرہ میں۔ ٭ وکالت کی شرائط: ’’وکیل’’اور ’’مؤکل‘‘(کسی کو اپنا وکیل بنانے والا)دونوں میں شرط یہ ہے کہ ان میں ’’مکلف‘‘ ہونے کی صفات پائی جائیں،یعنی عاقل بالغ اور صاحب اختیار ہوں۔
Flag Counter