Maktaba Wahhabi

445 - 611
کہ ہر نماز کے بعد یہ دُعا ترک نہ کرنا اسے ضرور پڑھنا۔‘‘ اس دُعا کے الفاظ یہ ہیں: (( اَللّٰہُمَّ أَعِنِّیْ عَلَیٰ ذِکْرِکَ وَ شُکْرِکَ وَ حُسْنِ عِبَادَتِکَ )) [1] ’’اے اللہ! تو اپنا ذکر کرنے اور اپنا شکر ادا کرنے اور اچھے انداز سے اپنی عبادت ادا کرنے میں میری مدد فرما۔‘‘ ام المومنین حضرت جویریہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم صبح کی نماز پڑھ کر ان کے پاس سے گزرے تو اس وقت وہ اپنی نماز پڑھنے کی جگہ پر بیٹھی اللہ کا ذکر کر رہی تھیں، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم چاشت کے وقت واپس تشریف لائے اور وہ وہیں پر بیٹھی ملیں تو نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’تیرے بعد میں نے چار کلمات تین مرتبہ کہے ہیں، تم نے صبح سے اب تک جو کچھ پڑھا ہے، اگر اس کے ساتھ ان کلمات کا وزن کیا جائے تو اِن کا وزن بڑھ جائے گا اور وہ کلمات یہ ہیں: (( سُبْحَانَ اللّٰہِ وَ بِحَمْدِہٖ عَدَدَ خَلْقِہٖ وَ رِضَا نَفْسِہٖ وَ زِنَۃَ عَرْشِہٖ وَ مِدَادَ کَلِمَاتِہٖ )) ’’اللہ پاک ہے اور اپنی تعریف کے ساتھ اپنی مخلوق کی گنتی کے برابر اور اپنے نفس کی رضا کے برابر اور اپنے عرش کے وزن کے برابراور اپنے کلمات کی سیاہی کے برابر۔‘‘ سنن ابن ماجہ کی ایک حدیث (۲/ ۳۳۱) میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جو شخص صبح کے وقت ایک سو (۱۰۰) مرتبہ کہے: (( لَا إِلٰہَ إِلَّا اللّٰہ وَحْدَہٗ لَا شَرِیْکَ لَہٗ، لَہُ الْمُلْکُ وَ لَہُ الْحَمْدُ، وَہُوَ عَلَٰی کَلِّ شَیْئٍ قَدِیْرٌ )) اس کو حضرت اسماعیل علیہ السلام کی اولاد میں سے ایک گردن آزاد کرنے کا ثواب ملے گا اور اس کے دس گناہ معاف کیے جائیں گے اور اس کے دس درجے بلند کیے جائیں گے اور وہ شام تک شیطان سے حفاظت میں رہے گا اور اگر شام کو یہ کلمات کہے تو صبح تک یہی فضیلت حاصل رہے گی۔ اس طرح درود شریف پڑھنے کا بھی بہت اجر و ثواب ہے، نمازِ فجر اور مغرب کے بعد کم از کم دس بار ضرور پڑھیے۔ اسی طرح آیت الکرسی پڑھنے کا بھی بہت اجر و ثواب ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’فرض نماز کے بعد جو کوئی اسے پڑھتا ہے، اس کے اور جنت کے درمیان صرف اس کی
Flag Counter