Maktaba Wahhabi

323 - 611
غور فرمائیے! چالیس سال کی عمر کے بعد اللہ تعالیٰ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو منصبِ نبوت سے سرفراز فرمایا۔ یہ عمر کا وہ حصہ ہوتا ہے، جس میں ہر انسان اپنی عزت و احترام کے معاملے میں بہت حساس ہوتا ہے۔ چالیس سال تک امین و صادق کہلانے کے بعد جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو لوگ جھوٹا، پاگل، شاعر، کاہن اور جادوگر کہتے ہوں گے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے دل پر کیا گزرتی ہوگی؟ لیکن تاریخ شاہد ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان گالیوں اور طعنوں کے جواب میں کبھی ایک لفظ تک اپنی زبان سے نہیں نکالا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت کا مقصد بھی وہی تھا جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے پہلے تمام انبیاے کرام علیہم السلام کا تھا، یعنی لوگوں کو اللہ کی توحید اپنانے اور شرک سے بچنے کی طرف بلائیں، جیسا کہ سورت نحل (آیت: ۳۶) میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے: { وَ لَقَدْ بَعَثْنَا فِیْ کُلِّ اُمَّۃٍ رَّسُوْلًا اَنِ اعْبُدُوا اللّٰہَ وَ اجْتَنِبُوا الطَّاغُوْتَ} ’’اور ہم نے ہر جماعت میں پیغمبر بھیجا کہ اللہ ہی کی عبادت کرو اور بتوں (کی پرستش) سے اجتناب کرو۔‘‘ چنانچہ یہی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت کا بھی بنیادی نقطہ تھا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم اسی دعوت کی تکمیل کے لیے رحمۃ للعالمین اور خاتم النبیین بنا کر اللہ تعالیٰ کی طرف سے مبعوث فرمائے گئے تھے۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم تن تنہا تھے۔ بچپن ہی میں ماں باپ کا سایہ سر سے اٹھ گیا تھا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس کوئی دولت و جاگیر نہیں تھی اور نہ کوئی پولیس فوج تھی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا تمام تر اثاثہ صرف اللہ رب العزت پر اعتقاد و اعتماد اور حسنِ سیرت کی بلندی تھی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اسی پونجی کے بل بوتے پر غارِ حرا سے نکلے اور ہر خطرے، ہر مزاحمت، ہر مصیبت اور طرح طرح کے فتنوں کا مقابلہ کرتے ہوئے، پورے عزم و ثبات سے کامل (۲۳) برس تک گمراہ انسانوں کو اللہ کی بندگی کی دعوت دیتے رہے۔ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے انسانوں کو ان کی تخلیق کے اصل مقصد اور اس دنیا کی اصلی حقیقت سے آگاہ فرمایا اور ربِ ذوالجلال کی بندگی کی دعوت دی تو سب سے پہلی جو دعوت تھی وہ کیا تھی؟ وہ دعوت ’’لَا إِلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللّٰہ‘‘ کی تھی اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم آخر دم تک تن، من اور دھن سے تبلیغِ دینِ حنیف کے عظیم الشان کام میں اسی طرح مصروف رہے۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو تمام جہان والوں پر رحمت کرنے کے لیے بھیجا ہے۔ اللہ تعالیٰ
Flag Counter