Maktaba Wahhabi

311 - 548
کتاب کی افادیت واہمیت کے پیش نظر اس کی دوبارہ اشاعت کی ضرورت محسوس کی اور جدید تقاضوں کے مطابق حسبِ ذیل امور سے آراستہ اڈیشن شائع کرنے کا اہتمام کیا: 1۔قدیم اردو کی تسہیل جو عصر حاضر کی اردو سے ہم آہنگ ہو۔ 2۔عربی وفارسی کلام کا اردو ترجمہ۔ 3۔آیات واحادیث کی مختصر تخریج۔ 4۔ترتیبِ فہارس۔ جمعیت موصوفہ نے ان امور کی خدمت و انجام دہی کے لیے مجھ ناتواں کا انتخاب کیا اور کتاب کی فوٹو کاپی میرے پاس بھیج دی، جو میرے لیے باعثِ افتخار واعزاز ہے۔ ظاہر ہے یہ عظیم خدمت محض حسنِ ظن کی بنا پر مجھ ناچیز کو تفویض کی گئی ہے، کیونکہ میری علمی اہلیت اس حد تک معروف نہیں ہے کہ اس کریمانہ انتخاب و اعزاز کی مستحق ہو، بہر حال اس ذرہ نوازی پر بہت ہی شکر گزار اور ممنون ہوں، ساتھ ہی اسے اپنے لیے بہت بڑی سعادت سمجھتا ہوں۔ اللہ کی توفیق سے جب یہ علمی کام ہم نے شروع کیا تو جیسا کہ کتاب کی اردو زبان کا حال اوپر بھی ذکر کیا ہے، اس کو عربی وفارسی کتابوں سے کہیں زیادہ ادق ومعقد پایا، اس لیے پہلے مرحلے میں اردو زبان کی تحلیل و تسہیل کا کام ہی ہمارے لیے علمی امتحان اور سخت آزمایش ثابت ہوا۔ عبارت فہمی کے سلسلے میں غور وفکر کی محنت نے جہاں کہیں ذہن و دماغ کو تھکا دیا تو استمداد کے لیے نواب صاحب ہی کی عربی کتاب ’’الدین الخالص‘‘ کی طرف مراجعت کی۔ الحمد للہ اس سے فہمِ مطالب اور تسہیلِ زبان میں بہت آسانی ہوئی۔ یہ عربی کتاب بھی اسی موضوع پر بہت مفصل و مدلل دو ضخیم جلدوں میں ہے۔ اس کتاب کی تحقیق وتخریج کی بھی سخت ضرورت ہے۔ معلوم نہیں اہلِ علم نے اس بلند پایہ اور جامع کتاب کی تحقیق کی طرف اب تک کیوں نہیں توجہ دی ہے، جب کہ اس میں احادیث کا بہت بڑا ذخیرہ موجود ہے۔ کاش ڈاکٹریٹ کا کوئی امیدوار اس میں مذکورہ آیات واحادیث وغیرہ کی تخریج اور عملِ فہارس کو اپنا موضوع بناتا تو یہ زبردست علمی و دینی خدمت ہوتی اور تراثِ اسلامی کا احیا بھی۔ اس کتاب کی اردو زبان کو سہل کرنے میں ہم نے امکانی حد تک یہ اہتمام کیا ہے کہ الفاظ وعبارات میں زیادہ رد وبدل کیے بغیر مشکل الفاظ کی جگہ ان کے معانی اور پیچیدہ تراکیب کی ترتیب اس
Flag Counter