Maktaba Wahhabi

338 - 738
’’کہو!ہم اللہ پر ایمان لائے اور اس پر ایمان لائے جو ہماری طرف نازل کیا گیا اور جو ابراہیم و اسماعیل،اسحاق و یعقوب اور ان کی اولاد و احفاد کی طرف نازل کیا گیا اور جو کچھ موسیٰ و عیسیٰ اور دیگر انبیا کو اُن کے ربّ کی طرف سے دیا گیا،ہم ان کے مابین کوئی فرق نہیں کرتے اور ہم اللہ کے تابع فرمان ہیں۔‘‘ دوسری رکعت میں سورت فاتحہ کے بعد سورت آل عمران کی آیت(64)پڑھا کرتے تھے،جس میں ارشادِ الٰہی ہے: ﴿قُلْ یٰٓاَھْلَ الْکِتٰبِ تَعَالَوْا اِلٰی کَلِمَۃٍ سَوَآئٍ بَیْنَنَا وَ بَیْنَکُمْ اَلَّا نَعْبُدَ اِلَّا اللّٰہَ وَ لَا نُشْرِکَ بِہٖ شَیْئًا وَّ لَا یَتَّخِذَ بَعْضُنَا بَعْضًا اَرْبَابًا مِّنْ دُوْنِ اللّٰہِ فَاِنْ تَوَلَّوْا فَقُوْلُوا اشْھَدُوْا بِاَنَّا مُسْلِمُوْنَ[1] ’’(اے نبی صلی اللہ علیہ وسلم!)کہہ دیجیے:اے اہل کتاب!آؤ اس کلمے کی طرف جو ہمارے اور تمھارے مابین برابر ہے کہ ہم اللہ کے سوا کسی کی عبادت نہیں کریں گے اور نہ اس کے ساتھ کسی کو شریک کریں گے اور نہ ہم میں سے کوئی آپس میں کسی کو،اللہ کو چھوڑ کر،اپنا ربّ مانے گا۔پھر اگر وہ انکار کر دیں تو کہہ دو کہ تم اس پر گواہ رہو کہ ہم تو تابع فرمان ہیں۔‘‘ صحیح مسلم اور سنن ابو داود میں مروی ہے کہ کبھی کبھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم دوسری رکعت میں سورت آل عمران کی آیت(52)پڑھا کرتے تھے،جس میں ارشادِ الٰہی ہے: ﴿فَلَمَّآ اَحَسَّ عِیْسٰی مِنْھُمُ الْکُفْرَ قَالَ مَنْ اَنْصَارِیْٓ اِلَی اللّٰہِ قَالَ الْحَوَارِیُّوْنَ نَحْنُ اَنْصَارُ اللّٰہِ اٰمَنَّا بِاللّٰہِ وَ اشْھَدْ بِاَنَّا مُسْلِمُوْنَ[2] ’’مگر جب عیسیٰ(علیہ السلام)نے ان کا کفر محسوس کر لیا تو کہا:اللہ تعالیٰ کی راہ میں میری مدد کرنے والا کون ہے؟حواریوں نے جواب دیا کہ ہم اللہ تعالیٰ کی راہ میں مددگار ہیں،ہم اللہ پر ایمان لائے اور آپ گواہ رہیے کہ ہم تابع فرمان ہیں۔‘‘
Flag Counter