Maktaba Wahhabi

258 - 924
چلتے ہوئے شہر میں داخل ہونے لگے تو فیروز پوری دروازے پر ایک ہندو مجسٹریٹ کھڑا تھا، اس نے ان کو کاغذ دکھایا اور کہا کہ شہر میں دفعہ ۱۴۴ نافذ ہے، آپ اندر نہیں جا سکتے۔ پنڈت جی نے کاغذ کا وہ پرزہ ان کے ہاتھ سے پکڑا اور اسے پھاڑ کر زمین پر پھینکتے ہوئے کہا: ہم اس طرح کے کاغذ کے پرزوں کے ساتھ اسی طرح کیا کرتے ہیں ۔ پھر ہجوم سے مخاطب ہو کر بولے: بڑھو نوجوانو! اس کے بعد وہ غلہ منڈی گئے اور وہاں جا کر تقریر کی۔ بعد ازاں راجہ فرید کوٹ ہر اندر سنگھ نے اپنی کار بھیجی اور پنڈت جی کو اپنے محل میں آنے کی دعوت دی۔ وہ وہاں گئے اور دونوں نے باہم بات چیت کی۔ اس کے نتیجے میں ہمیں رہا کر دیا گیا۔‘‘(نقوشِ عظمتِ رفتہ، ص: ۵۵۷، ۵۵۶) پاکستان ہجرت کے بعد آپ پر کیا بیتی؟ آپ نے اپنی خود نوشت میں لکھا ہے کہ ’’ ۱۴؍ اگست ۱۹۴۷ء کو ملک تقسیم ہو گیا تو ۲۱؍ اگست ۱۹۴۷ء کو ہم اپنے قدیمی مسکن سے نکلے اور قصور آگئے، ایک مہینا دس دن وہاں رہے، پھر اپنے خاندان کے ساتھ ضلع لائل پور(موجودہ فیصل آباد)کی تحصیل جڑاں والا کے ایک گاؤں چک نمبر ۵۳ گ ب منصور پور میں آگئے۔ یہ وہی ’’لائل پور‘‘ ہے، جسے ہم نے مسلمان بنا کر ’’فیصل آباد‘‘ کے نام سے موسوم کر دیا ہے۔ کافر کو مسلمان بنایا جائے تو سنا ہے بہت ثواب ہوتا ہے، چنانچہ حصولِ ثواب کے لیے ہم نے بے شمار گلیوں ، محلوں ، سڑکوں ، دیہاتوں ، قصبوں اور شہروں کو مسلمان بنا دیا ہے اور اللہ کی مہربانی سے اس طرح ہم جنتی ہو گئے ہیں ، علاوہ ازیں سکولوں اور کالجوں کو بھی ہم نے دائرۂ اسلام میں داخل کر لیا ہے اور اس طرح جنت الفردوس میں داخلہ اپنے لیے پکا کر لیا ہے۔‘‘(گزرگئی گزران) بھٹی صاحب ۲۴؍ جولائی ۱۹۴۸ء سے لے کر ۲۰۱۵ء تک مختلف جماعتی اور انتظامی عہدوں پر فائز رہے۔ بالآخر اللہ رب العزت کابلاوا آ پہنچا اور ۲۲؍ دسمبر ۲۰۱۵ء کو اللہ کو پیارے ہوگے اور ان شاء اللہ، اللہ کی جنت کے وارث بن گئے۔ آپ کا پہلا نمازِ جنازہ لاہور ناصر باغ میں دوپہر ۲ بجے ڈاکٹر حماد لکھوی نے پڑھایا اور دوسرا نمازِ جنازہ آپ کے آبائی گاؤں ڈھیسیاں میں نمازِ عشا کے بعد پڑھایا گیا اور رقت آمیز لہجے میں دعاؤں کے ساتھ آپ کو اس دنیا سے رخصت کیا گیا۔ ؎ زندگی تھی تری مہتاب سے تابندہ تر خوب تر تھا صبح کے تارے سے بھی تیرا سفر مثل ایوانِ سحر مرقد فروزاں ہو تیرا نور سے معمور یہ خاکی شبستاں ہو تیرا آسماں تیری لحد پر شبنم افشانی کرے سبزہ نورستہ اس گھر کی نگہبانی کرے
Flag Counter