Maktaba Wahhabi

556 - 924
’’محفلِ دانشمنداں ‘‘ اور ’’بوستانِ حدیث‘‘ اب کس مرحلے میں ہیں ؟ اللہ کرے یہ مجموعے بھی جلد ہی چھپ جائیں ۔ آپ نے خاک سار پر ایک اور احسان فرمایا… میرے بچوں کے لیے دو ہزار روپے عیدی بھجوائی۔ میرے بچے مریم، فاطمہ، ثمامہ خان، عادل خان اور سالک خان آپ جناب کو بہت یاد کرتے ہیں ۔ آخر الذکر تینوں چھوٹے بچے اپنی معصوم توتلی زبان سے آپ کا نام لیتے ہیں تو آپ کے لیے دل سے دعائیں نکلتی ہیں ۔ میری بیگم اُم ثمامہ خان بچوں کو آپ کی کتب پڑھاتی ہیں اور آپ کے واقعات سنا سنا کر ان کے قلوب و اذہان کو منور کرتی ہے… آپ کی طرف سے ملنے والی عیدی بچوں نے سنبھال کر رکھی ہوئی ہے۔ آپ کی محبت اور یاد ہمارے دل سے کبھی مٹ نہیں سکتی۔ اللہ تعالیٰ آپ کو سلامت باکرامت رکھے۔ آمین۔ ہفت روزہ ’’الاعتصام‘‘ میں خاک سار کی علالت کی خبر جناب مولانا محمد سلیم چنیوٹی صاحب نے لگائی، مشکور ہوں کہ آپ نے فون پر تسلی کے بہترین الفاظ اس فقیر کے لیے ارشاد فرمائے۔ یقین کریں ایک مواحد کی بارگاہ سے نکلے ہوئے شفقت بھرے الفاظ اور دعائیں میرے لیے نعمت عظمی کا درجہ رکھتے ہیں … تقریباً دو ماہ شوگر اور بلڈ پریشر کی بیماری نے ڈیرے ڈال کر مجھے ایک عجیب پریشانی میں مبتلا کیے رکھا ہے۔ علاج معالجہ چل رہا ہے۔ افاقہ تو ہے، نقاہت کافی ہوگئی ہے۔ ڈاکٹر صاحب نے لکھنے پڑھنے کے کام کو فی الحال ترک کرنے کا کہاہے۔ فی الحال تمام معمولات چھوڑ کر تمام توجہ صحت پر مرکوز کر رکھی ہے۔ آپ سے خصوصی درخواست ہے کہ دعاؤں کا سلسلہ جاری رکھیے گا۔ اللہ پاک نے آپ کی دعا میں بہت تاثیر رکھی ہے۔ اُمید ہے مجلہ ’’تفہیم الاسلام‘‘ آپ کو وصول ہو رہا ہوگا۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔ آمین۔ والسلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! آپ کا شاگرد حمید اللہ خان عزیز ایڈیٹر: ماہنامہ مجلہ تفہیم الاسلام توحید منزل۔ محلہ رحمان آباد(شکاری)احمدپور شرقیہ۔ ضلع بہاول پور (دستخط) ۱۵/ ۱۱/ ۰۸ ٭٭٭
Flag Counter