Maktaba Wahhabi

779 - 924
انجینئر حافظ ابتسام الٰہی ظہیر حفظہ اللہ ۱۹؍ اگست ۱۹۷۱ء کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ اپنے والد شہید رحمہ اللہ کی نگرانی میں دینی تربیت کا آغاز کیا۔ ان کی شہادت کے بعد علمی میدان میں خوب محنت کی اور قدیم و جدید علوم و فنون میں مہارت حاصل کرنے میں اللہ تعالیٰ نے ان پر خصوصی فضل فرمایا۔ حضرت حافظ صاحب علم و تقویٰ، تواضع اور فروتنی سے مالا مال ہیں ۔ دینی تعلیم کے علاوہ جدید علوم سے بھی بہرہ ور ہوئے۔ آپ شاید پاکستان کے تمام مذہبی طبقوں میں سب سے زیادہ ڈگریوں کے حامل شخصیت ہیں ۔ دیکھیں ان کی ڈگریاں :(۱)بی ایس سی انجینئرنگ(انجینئرنگ یونیورسٹی لاہور)،(۲)ایم ایس سی کمپیوٹر سائنسز(انجینئرنگ یونیورسٹی لاہور)،(۳)ایم بی اے(علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی۔ اسلام آباد)،(۴)ایم اے جرنلزم،(۵)ایم اے انگلش،(۶)ایم اے اسلامیات،(۷)ایم اے عربی،(۸)ایم اے تاریخ،(۹)ایم اے سیاسیات،(۱۰)ایم فل ابلاغیات(مؤخر الذکر سات ڈگریاں پنجاب یونیورسٹی لاہور سے حاصل کیں )۔ پچھلے کئی برسوں سے وہ قومی و جماعتی اخبارات اور جرائد میں لکھ رہے ہیں ۔ جمعیت اہلِ حدیث پاکستان کا ترجمان ماہنامہ ’’الاخوۃ‘‘ ان کی نگرانی میں مسلسل کئی برسوں سے شائع ہو رہا ہے، جس میں آپ کے پالیسی سازبیانات اور علمی مضامین شائع ہوتے ہیں ۔ علاوہ ازیں ہفت روزہ ’’اہلِ حدیث‘‘، ترجمان الحدیث، مجلہ ’’تفہیم الاسلام‘‘ کے علاوہ قومی اخبارات جنگ، ایکسپریس، نوائے وقت اور پاکستان میں بھی کالم لکھتے رہے ہیں ۔ آج کل روزنامہ ’’دنیا‘‘(لاہور)میں ان کا کالم ’’دین و دنیا‘‘ کے عنوان سے شائع ہو رہا ہے۔ حافظ صاحب کی تحریر میں ادب کی جلالت اور آبشار کی روانی پائی جاتی ہے۔ متعدد موضوعات کو انھوں نے ہدفِ تحریر بنایا ہے۔ تحریروں میں قرآنی موضوعات بھی ملتے ہیں ۔ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق کالم بھی اور حدیث و فقہ، تاریخ و ادب اور سوانح نگاری کے باب میں بھی ان کے افکارِ عالیہ ملاحظہ کیے جا سکتے ہیں ۔ پاکستان، عالمِ اسلام اور عالمی امور پر ان کا زاویہ نگاہ انتہائی مدلل اور مبنی برحقیقت ہوتا ہے۔ بے شبہہ انھوں نے اپنی اعلیٰ صلاحیتوں سے اردو ادب کے دامن کو بہت وسیع کر دیا ہے۔ حافظ صاحب تنقید میں بھی امتیاز رکھتے ہیں اور اسلوبِ تنقید میں ایک خاص وصف کے حامل ہیں ۔ تراکیبِ تحریر میں حضرت علامہ شہید رحمہ اللہ کے اسلوب کی جھلک پائی جاتی ہے۔ حافظ صاحب کی دینی خدمات کا احاطہ ان چند سطور میں ہونا ممکن نہیں ۔ آپ مختلف ٹی وی چینلز کے دینی، علمی، روحانی اور سیاسی پروگراموں میں بلائے جاتے ہیں ۔ ان کی حاضر جوابی بے مثال ہے۔ مرکز اہلِ حدیث(۵۳۔ لارنس روڈ، لاہور)میں ممدوح محترم خطبہ جمعہ دیتے ہیں ، جس میں وہ عام لوگوں کی قوتِ فہم اور ذہنی رسائی کو مدنظر رکھ کر آسان اسلوب میں مختلف موضوعات کو بیان کرتے ہیں ۔ ان خطبات میں وہ قرآنِ مجید کی تفسیربھی بیان کر رہے ہیں ۔ خطبات اور دیگر بیانات ماہنامہ ’’الاخوۃ‘‘ میں بھی شائع ہوتے رہتے ہیں ۔حافظ صاحب کے متعلق پتا چلا ہے کہ قرآنِ مجید کے انگریزی ترجمے کا کام بھی شروع کر رکھا ہے اور وہ یہ کام نہایت ہی مستقل مزاجی کے ساتھ کر رہے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ ان کی توفیقاتِ خیرمیں اضافہ فرمائے۔(آمین)
Flag Counter