Maktaba Wahhabi

278 - 924
ان کے روابط تھے۔ ان خاندانوں پر بھی بھٹی صاحب رحمہ اللہ کی نگارشات چھپ چکی ہیں ۔ حافظ زبیر احمد ظہیر اور قاضی عبدالقدیر خاموش نے ایک دفعہ الحمراء لاہور میں سیمینار منعقد کیااور جناب بھٹی صاحب رحمہ اللہ کو بھی مہمان بنایا۔ آپ کے ساتھ راقم کو بھی جانے کا موقع ملا۔ دراصل قاضی عبدالقدیر نے اپنی ایک نئی جماعت کی بنیاد رکھنی تھی۔ جناب مخدوم گرامی رحمہ اللہ الحمراء میں داخل ہوئے اور کرسیوں کی آخری قطار میں بیٹھ گئے۔ اسٹیج سے اعلان ہوا کہ جناب بھٹی صاحب رحمہ اللہ اسٹیج پر تشریف لے آئیں ۔ آپ رحمہ اللہ نے وہاں اسٹیج پر جانے سے انکار کیا اور فرمایا کہ میں یہیں ٹھیک ہوں ۔ مجھے فرمانے لگے کہ سلیم میاں ! لیجیے یہ ایک اور جماعت بن رہی ہے اور ہم نئی جماعت کے بانیوں میں سے سے ہیں ، ہم ہر نئی جماعت بننے پر بڑے خوش رہتے ہیں ، چلو ایک اور جماعت کی پیدایش پر کئی اور ساتھی اس میں شامل ہوں گے اور اہلِ حدیث حضرات کا مزید اضافہ ہو جائے گا۔ یوں ہم جماعت در جماعت بنانے پر خوش ہیں اور خوش رہیں گے۔ ہمیں خوشی ہے کہ ہر نئی جماعت بناتے وقت لوگ ہمیں بھی یاد رکھتے ہیں اور ہم خوشی سے چلے بھی جاتے ہیں ۔
Flag Counter