Maktaba Wahhabi

692 - 924
’’پاکستان‘‘ اخبار کے علاوہ اسی روز کے ’’دنیا نیوز‘‘ میں بھی شائع ہوا۔ روزنامہ ’’پاکستان‘‘ میں معروف صحافی مکرمی رانا شفیق خان پسروری حفظہ اللہ کے دو مضامین ’’علم کا پہاڑ، انکسار کا پیکر‘‘ اور ایک روشن دماغ، جو نہ رہا‘‘ بھی شائع ہوئے۔ روزنامہ ’’پاکستان‘‘ کے سنڈے میگزین ’’زندگی‘‘ نے بھٹی صاحب رحمہ اللہ کی علمی زندگی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک مختصر خصوصی اشاعت کا بھی اہتمام کیا۔ ہفت روزہ ’’زندگی‘‘ کی ۲۱؍ تا ۲۷؍ فروری ۲۰۱۶ء کی اشاعتِ خاص اہلِ علم و ادب کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ میگزین کے ٹائٹل پر حضرت بھٹی صاحب رحمہ اللہ کی بڑے جہازی سائز میں پر کشش خوبصورت تصویر ہے، جس کے پسِ منظر میں ان کی تاریخی لائبریری نظر آرہی ہے اور نیچے لکھا ہے: ’’مولانا محمد اسحاق بھٹی رحمہ اللہ ۔۔۔ علم کا سمندر تھے۔‘‘ یہ عنوان اصل میں رانا شفیق خان پسروری حفظہ اللہ کے مضمون کا ہے، جو اندرونی صفحات میں باریک اخباری فونٹ کے ساتھ چار صفحات پر پھیلا ہوا ہے۔ ان صفحات پر حضرت بھٹی صاحب رحمہ اللہ کی چند نادر و نایاب تصاویر بھی دی گئی ہیں ۔ محترم رانا صاحب نے، جو ممدوح گرامی رحمہ اللہ کے صحیح معنوں میں قدردان اور رمز شناس ہیں ، اپنے تفصیلی مضمون میں بھٹی صاحب رحمہ اللہ کی علمی، ادبی، تاریخی اور تحقیقی خدمات بالخصوص ان کے اوائلِ زندگی کے حالات، ملک و ملت کے لیے ان کی گو ناگوں خدمات، نیز ان کی تنظیمی و جماعتی کاوشوں ، علمی اور ادبی فکروں کو اپنے منفرد اسلوب میں بیان کرکے دریا کو کوزے میں بند کرنے کے مصداق ٹھہرے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ انھیں اس کا بہترین اجر دے۔ آمین درد میں لذت بہت اشکوں میں رعنائی بہت اے غمِ ہستی تری دنیا پسند آئی بہت مولانا ممدوح محترم رحمہ اللہ کو عقیدت کا تاج پہنانے اور ان کی عظمت کو سلام کرنے میں مرکزی جمعیت پاکستان کے ترجمان ہفت روزہ ’’اہلِ حدیث‘‘ لاہور نے بھی نہایت ہی شاندار بلکہ جاندار کردار ادا کیا ہے۔ اس کے چیف ایڈیٹر مکرمی بشیر انصاری حفظہ اللہ ایک منتخب روزگار صحافی ہیں ۔ ان کی حضرت بھٹی صاحب رحمہ اللہ سے پرانی یاد اللہ ہے۔ ان کا شمار حضرت کے معاصرین میں ہوتا ہے۔ وہ ان کی علمی شخصیت کی تمام جہتوں سے آشنا ہیں ۔ انھوں نے تاریخ اہلِ حدیث کے اس خادم کے لیے ’’اہلِ حدیث‘‘ کے دامنِ صفحات کو بھرنے لے لیے اہلِ قلم کو دعوت دی۔ خود بھی مرحوم کی شخصیت پر اداریے اور مضامین سپردِ قرطاس کیے اور دیگر حضرات کے مقالات کو بھی شائع کیا۔ ہفت روزہ ’’اہلِ حدیث‘‘ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے پاکستان بھر سے شائع ہونے والے جماعتی رسائل و جرائد میں سب سے زیادہ حضرت بھٹی صاحب رحمہ اللہ کی رحلت پر تعزیتی خبریں ، تعزیتی مکاتیب اور تاثراتی و تعزیتی مضامین شائع کیے ہیں ۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کے چیف ایڈیٹر میرے مربی و مشفق جناب بشیر انصاری حفظہ اللہ کی صحتِ کاملہ میں برکت عطا فرمائے۔ کتاب و سنت کے اس عظیم خادم کی خدمات کو قبول و منظور فرمائے۔ آمین اب آئیے قومی اخبارات و جرائد کے اداریے پڑھتے ہیں جو انھوں نے ہمارے بزرگ مولانا محمداسحاق بھٹی رحمہ اللہ کی رحلت پر لکھے تھے۔
Flag Counter