Maktaba Wahhabi

337 - 829
شافعی رحمہ اللہ نے کہا ہے کہ مجھے یہ بات پسند ہے کہ جو آدمی اذان کہے وہی اقامت کہے۔ لیکن امام ترمذی نے یہ مسلک اکثراہلِ علم کی طرف منسوب کیا ہے کہ جو اذان دے وہی اقامت کہے۔ اور صاحب ’’سبل السلام‘‘ حدیث میں ’’مَن اَذَّنَ فَھُوَ یُقِیمُ ‘‘ پر بناء رکھتے ہوئے فرماتے ہیں: (( وَالحَدِیثُ دَلِیلٌ عَلٰی أَنَّ الاِقَامَۃَ حَقٌّ لِّمَن أَذَّنَ فَلَا تَصِحُّ مِن غَیرِہٖ )) ’’حدیث ہذا اس بات کی دلیل ہے کہ اقامت اس کا حق ہے، جو اذان کہے، دوسرے کی درست نہیں۔‘‘ اور علامہ سندھی رحمہ اللہ نے ابن ماجہ کے حاشیہ پر کہا ہے: کہ اس حدیث کی سند میں افریقی(عبد الرحمن بن زیاد بن انعم) ہے۔ اگرچہ یحییٰ بن قطان اور امام احمد; نے اس کو ضعیف قرار دیا ہے، لیکن امام محمد بن اسماعیل بخاری رحمہ اللہ نے ’’مقارب الحدیث‘‘ کہہ کر اس کو تقویت پہنچائی ہے۔ نیز ابوداؤد اور منذری نے اس پر سکوت اختیار کیا ہے جو اس کے صالح للاحتجاج (یعنی قابلِ حجت)ہونے کی دلیل ہے اور امام شوکانی رحمہ اللہ نے ’’السیل الجرار‘‘ میں کہا ہے۔ حدیث’’مَن اَذَّنَ فَھُوَ یُقِیمُ ‘‘ پر کلام صرف اس اعتبار سے ہے کہ اس کی سند میں راوی عبد الرحمن بن زیاد افریقی ہے ۔ اہلِ علم کی ایک جماعت نے اس کی توثیق کی ہے ۔ اس میں ایسی کوئی جرح نہیں جس کی وجہ سے اس کی حدیث کو قابلِ حجت نہ سمجھا جائے اور صاحب’’ المرعاۃ‘‘ فرماتے ہیں: مؤذن اذان کا زیادہ حقدار ہے۔ دوسرا اقامت نہ کہے مگر کسی ضرورت کی بناء پر ، جس طرح کہ عبداﷲ بن زید(جنھوں نے خواب میں اذان دیکھی تھی) کے قصہ میں ہے اور اس حدیث میں دلیل ہے کہ اقامت اسی کا حق ہے جو اذان دے۔ دوسرے کا اقامت کہنا مکروہ ہے۔(۱؍۴۲۶) اور صاحب’’المنتقیٰ‘‘ نے اس پر تبویب قائم کی ہے:’’بَابُ مَن اَذَّنَ فَھُوَ یُقِیمُ ‘‘ جو شخص اذان کہے وہی اقامت کہے اور ابوداؤد نے یوں تبویب قائم کی ہے۔’’بَابُ الرَّجُلِ یُؤَذِّنُ وَ یُقِیمُ آخَرُ‘‘ یعنی ایک شخص اذان کہے اور دوسرا اقامت ، پھر اس کے تحت دونوں قسم کی روایات کو بیان کیا ہے۔ اس سے غالباً وسعت کی طرف اشارہ مقصود ہے۔ بہر صورت جملہ دلائل کے پیشِ نظر یہ کہنا ممکن ہے کہ اقامت کا اصلی استحقاق (حق) مؤذن کو حاصل ہے اور اگر کوئی دوسرا بھی کہہ دے تو مع الکراہت درست ہے اور اجازت کی صورت میں بلاکراہت درست ہے۔
Flag Counter